بیشتر پمپوں پر ملاوٹ شدہ پٹرول اور ڈیزل کھلے عام فروخت انتظامیہ خاموش

بیشتر پمپوں پر ملاوٹ شدہ پٹرول اور ڈیزل کھلے عام فروخت انتظامیہ خاموش

ہائی سپیڈ ڈیزل میں لائٹ ڈیزل اور اسی طرح پٹرول میں مٹی کا تیل مکس کر کے فروخت ہو رہا ،منتھلی سسٹم کے ذریعے یہ گھناؤنا کاروبار روزباروز بڑھتا جا رہا

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) چیک اینڈ بیلنس کے فقدان اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح فرق کے باعث سرگودھا شہر سمیت ریجن بھر میں بیشتر پمپوں پر ملاوٹ شدہ پٹرول اور ڈیزل کھلے عام فروخت ہو رہا ہے ، جس کا استعمال جہاں گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے انجنوں کی تباہی کا سبب بن رہا ہے وہاں شہریوں کی جیبوں پر ڈاکے ڈالے جا رہے ہیں اور انتظامیہ خواب خرگوش کے مزے زمیں مشغول ہے ،ذرائع کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل میں لائٹ ڈیزل اور اسی طرح پیٹرول میں مٹی کا تیل مکس کر کے فروخت ہو رہا ہے ،جس میں اچھی خاصی بچت ہے ،اسی طرح ایرانی پیٹرول کی فروخت سے بھی غیر معمولی منافع کمانے کا سلسلہ دھڑلے سے جاری ہے باعث تشویش امر یہ ہے کہ معیار چیک کرنے والے خود ملوث ہیں، جس کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے اوگراکی جانب سے چھاپے مارنے کا سلسلہ شروع ہونے پر متعلقہ شعبے تعاون کرنے میں لعت و لعل سے کام لے رہے ہیں اور باقاعدہ طور پر منتھلی سسٹم کے ذریعے یہ گھناؤنا کاروبار روزباروز بڑھتا جا رہا ہے ، یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس ضمن میں انٹیلی جنس ادارہ ملاوٹ شدہ اور ایرانی پیٹرول و ڈیزل فروخت کرنیوالے سینکڑوں پیٹرول پمپوں کی نشاندہی کر چکا ہے مگر ان عناصر کے خلاف بھی کاروائی عمل میں نہیں لائی جا سکی ، دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ ملاوٹ شدہ پیٹرولیم مصنوعات کے باعث گاڑیوں و موٹرسائیکلوں کے انجن کو نقصان پہنچ رہا ہے یہاں تک کہ فور سٹوک وہیکلز بھی دھواں دینے لگی ہیں جو کہ ملاوٹ کی واضح نشانی ہے ،انہوں نے اس سلسلہ میں ارباب اختیار کو فوری نوٹس لے کر وسیع پیمانے پر ایکشن لینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں