سرکاری سکولوں میں انگلش میڈیم کی کتب کی شدید قلت
لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ملتان، قصور اور فیصل آباد سمیت کئی اضلاع میں چھٹی سے دہم تک انگلش میڈیم کی کتب نایاب حکومت نے صرف 50فیصد طلبا کیلئے کتابیں شائع کیں : ٹیچرز یونین، رواں برس کتابیں طلب کے مطابق شائع کی گئی :محکمہ تعلیم
لاہور(خبر نگار )سرکاری سکولوں میں انگریزی میڈیم کی درسی کتب کی شدید قلت سامنے آگئی، جس کے باعث ہزاروں طلبا و طالبات کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ متعدد والدین بازار سے مہنگی کتابیں خریدنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق صوبے میں رواں تعلیمی سال کیلئے 40 فیصد انگلش میڈیم اور 60 فیصد اردو میڈیم کتابیں شائع کی گئیں، تاہم بڑے شہروں میں انگریزی میڈیم نصاب پڑھنے والے طلبا کی تعداد زیادہ ہونے کے باعث درسی کتب کی قلت پیدا ہوگئی۔لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ملتان، قصور اور فیصل آباد سمیت کئی اضلاع میں چھٹی سے دہم جماعت تک انگلش میڈیم کتب نایاب ہو چکی ہیں۔ متعدد سکولوں میں طلبا کو مکمل سیٹ فراہم نہ کیے جا سکے جبکہ موسم گرما کی تعطیلات شروع ہونے کے باوجود کئی بچوں کو تاحال مفت درسی کتب نہیں مل سکیں۔پنجاب ٹیچرز یونین نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت پنجاب نے صرف پچاس فیصد طلبا کیلئے کتابیں شائع کیں، جس کی وجہ سے بحران شدت اختیار کر گیا۔ تنظیم کے مطابق اردو اور انگلش میڈیم کتابیں الگ الگ شائع کرنے سے بھی شارٹیج میں اضافہ ہوا جبکہ اشاعت سے قبل اساتذہ تنظیموں سے مشاورت نہیں کی گئی۔دوسری جانب محکمہ تعلیم پنجاب نے درسی کتب کی قلت کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں برس کتابیں طلب کے مطابق شائع کی گئی ہیں۔ محکمہ تعلیم کے مطابق جہاں بھی کتابوں کی کمی رپورٹ ہو رہی ہے وہاں اضافی سپلائی بھجوائی جا رہی ہے ، جبکہ مرحلہ وار مزید کتابیں سکولوں کو فراہم کی جا رہی ہیں۔