مذہبی ہم آ ہنگی کی فضا برقرار رکھنا مشترکہ ذمہ داری :کمشنر
علما کرام خطبات اور اجتماعات میں امن، محبت اور اتحاد کا پیغام عام کریں
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر)کمشنر گوجرانوالہ محمد علی نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ڈویژنل امن کمیٹی کے ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ایس ایس پی آپریشنز غیور احمد ،اے سی جی محمد عامر ،اے سی آر محمد فرقان ،ممبران امن کمیٹی مولانا علامہ خالد حسن مجددی ،مفتی محمد ابوبکر،علامہ حافظ محمد جواد قاسمی ،علامہ کاظم ترابی ،علامہ پروفیسر سعید احمد کلیروی ،حافظ محمد عمران عریف ،سید فائق حسین نقوی ،پروفیسر شہزاد لارنس ،خطیب اوقاف حافظ شاہد فاروق ،ڈویژن بھر کے متعلقہ افسران، علماء کرام اور امن کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی جبکہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے منسلک رہے ۔کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران بھائی چارے ، رواداری اور مذہبی ہم آہنگی کی فضا کو برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے علما کرام اور امن کمیٹی کے اراکین پر زور دیا کہ وہ اپنے خطبات اور اجتماعات میں امن، محبت اور اتحاد کا پیغام عام کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے ۔