فرینکفرٹ،جشنِ معرکہ حق ، آپریشن بنیان مرصوص کی تیسری تقریب
اوورسیز پاکستانیوں، جرمن کشمیری کمیونٹی، بچوں، خواتین کی کثیر تعداد میں شرکت پاک فوج کو خراج تحسین،پاکستان ہمیشہ زندہ باد ، فیلڈ مارشل عاصم منیر زندہ بادکے نعرے
اسلام آباد(دنیارپورٹ )فرینکفرٹ جرمنی میں یورپی یو نین فرینڈ شپ فیڈریشن کے زیر اہتمام ’’ جشنِ معرکۂ حق ، آپریشن بنیان مرصوص کی تیسری تقریب منعقد کی گئی جس میں اوورسیز پاکستانیوں، جرمن کشمیری کمیونٹی، بچوں، خواتین اور بزرگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شرکا نے پاکستان کے قومی پرچم تھام رکھے تھے جبکہ چیف آف ڈیفنس فورسز، چیف آف آرمی سٹاف و فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر، ایئر چیف اور نیول چیف کی بڑی تصاویر بھی آویزاں کی گئی تھیں۔
معروف گلوکار وکی چودھری نے ملی نغمہ دل دل پاکستان پیش کیا۔ منتظمین میں چیئرمین یورپی یونین پاک فرینڈشپ فیڈریشن جرمنی گوہر باجوہ آف چوونڈہ، صدر انصر بٹ، چودھری غلام غوث گجر آف مرالی، چودھری احسان الٰہی ، حاجی قمر زمان آف سیکروالی، چودھری مظہر دیونا ، صدر پی او اے ایف یورپ چودھری اعجاز پیارا نے شرکت کی ۔ ڈاکٹر پرویز اقبال لوہسر (تمغۂ خدمت) مہمانِ خصوصی تھے ۔انہوںنے اپنے خطاب میں کہا فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر پاکستان کا مثبت تشخص دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ ہمیں پاکستان دشمن عناصر کی غلط معلومات کا مقابلہ کرنا اور پاکستان آرمی کے خلاف دشمنوںکے منفی پراپیگنڈا کو ناکام بنانا ہو گا ،تقریب کے اختتام پر شرکا نے ’’ پاکستان ہمیشہ زندہ باد ۔ پاکستان آرمی زندہ باد۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر زندہ باد‘‘ کے فلک شگاف نعرے لگائے ۔