چینی وزیراعظم و وزیر خارجہ کی فیلڈ مارشل سے ملاقات، دورہ چین کا خیر مقدم کیا
بیجنگ: (دنیا نیوز) چین کے وزیراعظم لی چیانگ اور وزیر خارجہ وانگ یی نے جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ چین فیلڈ مارشل اور وزیراعظم شہباز شریف کے دورۂ چین کا بھرپور خیر مقدم کرتا ہے۔
چینی وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاک فوج ہمیشہ چین پاکستان تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی رہی ہے، عالمی اور علاقائی حالات بدل سکتے ہیں مگر پاک چین دوستی ناقابل شکست رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے پاکستانی فوج دونوں ممالک کی روایتی دوستی مزید مضبوط بنائے گی، جنرل عاصم منیر نے امریکہ ایران تنازع میں ثالثی کی پیشرفت سے چین کو آگاہ کیا۔
پاکستان نے امریکہ اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے کے قریب ہونے کا اشارہ دیا، چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے پاکستان کی ثالثی اور امن کوششوں کی کھل کر حمایت کا اعلان کیا۔
فیلڈ مارشل کی چین کے وزیراعظم لی چیانگ کے ساتھ غیر رسمی ملاقات
قبل ازیں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی چین کے وزیراعظم لی چیانگ کے ساتھ غیر رسمی ملاقات ہوئی، عظیم عوامی ہال میں چینی وزیراعظم نے گرمجوشی سے فیلڈ مارشل کے ساتھ مصافحہ کیا، اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان مختلف امور پر تبادلہ خیال بھی ہوا۔
خیال رہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اس وقت وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ دورہ چین پر موجود ہیں۔