روس میں عیدالاضحیٰ کیلئے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے گئے

ماسکو: (شاہد گھمن سے) پاکستان کی طرح روس میں بھی عیدالاضحیٰ 27 مئی کو منائی جائے گی جس کیلئے دارالحکومت ماسکو سمیت ملک کے مختلف شہروں اور ماسکو ریجن میں عید کی نماز کے اجتماعات منعقد ہوں گے جن کیلئے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

روسی مسلم مذہبی انتظامیہ کے مطابق ماسکو میں عیدالاضحیٰ کی مرکزی نماز ماسکو کیتھیڈرل مسجد، تاریخی مسجد اور پوکلونایا ہل پر واقع شہدا میموریل مسجد میں ادا کی جائے گی۔

اعلامیے کے مطابق ماسکو کیتھیڈرل مسجد میں عید کا خطبہ اور نماز صبح 7 بجے سے 8 بجے تک ادا کی جائے گی، جبکہ تاریخی مسجد اور شہدا میموریل مسجد میں بھی نماز عید کا آغاز صبح 7 بجے ہوگا۔

ماسکو حکومت کی جانب سے نمازیوں کی بڑی تعداد کے پیش نظر سینٹر فار ٹیکنیکل سپورٹس میں بھی خصوصی عیدگاہ قائم کی گئی ہے جہاں نماز عید صبح 7 بجے ادا کی جائے گی۔

روسی مسلم انتظامیہ کے مطابق ماسکو کیتھیڈرل مسجد سے نماز عید کی براہِ راست نشریات بھی کی جائیں گی، جبکہ روسیا ون ٹی وی چینل پر خصوصی نشریات صبح 9 بجے نشر ہوں گی۔

اعلامیے کے مطابق ماسکو ریجن کے مختلف شہروں اور اضلاع میں بھی عیدالاضحیٰ کی نماز کیلئے خصوصی مقامات مقرر کیے گئے ہیں، جن میں بالاشیخا، نوگنسک، وولاکولامسک، کولومنا، کراسنوگورسک، پوڈولسک، سرپخو، خیمکی، شاتورا، الیکٹروستال اور دیگر شہر شامل ہیں۔

روسی حکام کے مطابق نماز عید کے اجتماعات کے دوران سکیورٹی، ٹریفک اور عوامی سہولیات کے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے تاکہ نمازیوں کو کسی دشواری کا سامنا نہ ہو۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں