اسحاق ڈار دورہ چین کے بعد نیویارک روانہ، اقوام متحدہ کے اہم اجلاسوں میں شرکت کرینگے
بیجنگ: (دنیا نیوز) نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے وزیر اعظم شہباز شریف کے ہمراہ چین کے دورے کے دوران صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ سے ہونے والی ملاقاتوں میں شرکت کے بعد نیویارک روانگی کا اعلان کر دیا ہے، جہاں وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اہم اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔
وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر ہونے والی تقریبات اور مختلف اہم ملاقاتوں کے بعد وہ آج رات نیویارک روانہ ہوں گے، وہ 26 سے 28 مئی تک نیویارک میں قیام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ چینی وزیر خارجہ وانگ یی کی دعوت پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ’بین الاقوامی امن اور سلامتی کے قیام‘ سے متعلق اوپن مباحثے میں شرکت کریں گے، جس کی صدارت وانگ یی کریں گے۔
وزیر خارجہ کے مطابق نیویارک میں قیام کے دوران وہ اقوام متحدہ میں ’گروپ آف فرینڈز‘ کے اجلاس میں بھی شریک ہوں گے جبکہ مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے متعدد اہم ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔
انہوں نے چین کی قیادت اور عوام کی جانب سے پرتپاک استقبال، پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کی تقریبات اور دورے کے بہترین انتظامات پر شکریہ ادا کیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنی دیرینہ دوستی اور قریبی تعاون کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے کے عملے کی خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ وہ نیویارک میں علاقائی اور عالمی امور پر تعمیری مذاکرات کے منتظر ہیں۔