وزیرآباد :جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ سیف سٹی پراجیکٹ فعال
شہر کے 43مقامات پر 214جدید کیمرے نصب کر دئیے :ریجنل آفیسر عرفان سلہریا
وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر )وزیرآباد میں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ سیف سٹی پراجیکٹ باقاعدہ طور پر فعال کر دیا گیا جس کے تحت شہر بھر میں جدید نگرانی کے نظام کو کام میں لایا گیا ہے ،منصوبے سے نہ صرف جرائم پر قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ ٹریفک قوانین پر مو ثر عملدرآمد، حادثات کی روک تھام اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فوری ثبوت حاصل کرنے میں بھی آسانی پیدا ہو گی۔ ریجنل آفیسر سیف سٹی گوجرانوالہ ایس ایس پی عرفان الحق سلہریا نے وزیرآباد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیف سٹی منصوبے کے تحت شہر کے 43 مختلف مقامات پر مجموعی طور پر 214 جدید کیمرے نصب کیے گئے ہیں ، ان میں سے 15 مقامات ضلع اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی کریں گے۔
جبکہ 28 مقامات پر شہر کے اندر جدید کیمرے نصب کیے گئے ہیں جو ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور سکیورٹی صورتحال کو مانیٹر کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے ۔اس موقع پر صدر پریس کلب افتخار احمد بٹ، صابر بٹ،جنید احمد،صوفی محمد اشرف نثار،میاں شہباز ،ضمیر کاظمی،کاشف محمود خان،سیف اللہ بٹ،ڈاکٹر سید رضا سلطان،سید مظفر زیدی بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ جدید فیشل ریکگنیشن اور مصنوعی ذہانت سے منسلک کیمرے نصب کیے گئے ہیں جن کی مدد سے مفرور، اشتہاری اور جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی اور گرفتاری میں آسانی ہو گی۔