علی پور چٹھہ : صفائی ورکرز کوڑا جمع کر کے جلانے لگے، فضا آلودہ ، شہریوں کا احتجاج
کوڑا کرکٹ آبادیوں کے قریب کھلے مقامات اور چھپڑ کنارے پھینکا جانے لگا، دھویں اور بدبو سے سانس لینا دشوار،آنکھوں میں جلن ، کھانسی اور گلے کی بیماریاں بڑھنے لگیں ،حکام نو ٹس لیں :شہری
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )ستھرا پنجاب پروگرام شہریوں کیلئے اذیت بن گیا،ورکرز کی جانب سے کوڑا جلانے سے فضا آلودہ ،دھویں اور بدبو سے سانس لینا دشوار ہو گیا،شہری سراپا احتجاج بن گئے ۔ علی پورچٹھہ کے مختلف علاقوں سے اکٹھا کیا جانے والا کوڑا کرکٹ آبادیوں کے قریب کھلے مقامات اور چھپڑ کنارے پھینکا جا رہا ہے جس کے بعد آگ لگا کر جلایا جاتا ہے ، کوڑا جلنے سے اٹھنے والا دھواں اور تعفن علاقے میں پھیل جاتا ہے جس کے باعث سانس لینا دشوار ہو چکا ہے ۔ شہریوں نے بتایا کہ دھویں کی وجہ سے آنکھوں میں جلن، سانس کی تکلیف، کھانسی اور گلے کی بیماریاں بڑھتی جا رہی ہیں جبکہ ماحول میں پھیلنے والی بدبو نے معمولات زندگی متاثر کر دیا ہے۔
شہریوں نے الزام عائد کیا کہ صفائی کے نام پر کچرا مناسب انداز میں ٹھکانے لگانے کے بجائے کھلے میدانوں اور آبادیوں کے قریب آگ لگا کر جلایا جا رہا ہے جو ماحولیاتی آلودگی اور انسانی صحت کیلئے انتہائی خطرناک ہے ۔ اہل علاقہ نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ایک طرف صاف اور سرسبز پنجاب کے دعوے کر رہی ہے جبکہ دوسری جانب شہریوں کو زہریلے دھویں میں جینے پر مجبور کیا جا رہا ہے ۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ ، ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ اور متعلقہ اداروں سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔