انرولمنٹ ڈرائیو ، سوشل میڈیا مہم شروع، اساتذہ متحرک

انرولمنٹ ڈرائیو ، سوشل میڈیا مہم شروع، اساتذہ متحرک

زیادہ داخلوں کیلئے ڈیجیٹل مہم، افسروں و اساتذہ کو بھرپور کردار کی ہدایت

ملتان (خصوصی رپورٹر) محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے انرولمنٹ ڈرائیو 2026 کو کامیاب بنانے کے لئے جامع سوشل میڈیا مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، جس میں تمام تعلیمی افسروں، ہیڈ ماسٹرز، اساتذہ اور طلبہ کو بھرپور حصہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ مہم کا مقصد زیادہ سے زیادہ بچوں کو سکولوں میں داخل کروانا اور آؤٹ آف سکول بچوں کی تعداد کو کم کرنا ہے ۔محکمہ کے جاری کردہ احکامات کے مطابق ہر ضلع، تحصیل اور سکول کی سطح پر سوشل میڈیا ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی، جو فیس بک، واٹس ایپ، ٹوئٹر، انسٹاگرام اور یوٹیوب پر آگاہی مہم چلائیں گی۔ ہر سکول کو روزانہ کی بنیاد پر انرولمنٹ سرگرمیوں، طلبہ کی شرکت، والدین کے تاثرات اور دستیاب سہولیات سے متعلق مواد شیئر کرنا ہوگا۔اساتذہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ذاتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس استعمال کرتے ہوئے والدین تک رسائی حاصل کریں، گھر گھر جا کر بچوں کو داخل کروانے کی ترغیب دیں اور مقامی کمیونٹی رہنماؤں کو بھی اس مہم میں شامل کریں۔حکام کے مطابق اس بار روایتی طریقوں کے ساتھ ڈیجیٹل میڈیا کو بھی بھرپور استعمال کیا جائے گا۔ تمام چیف ایگزیکٹو افسروں کو اپنے اضلاع میں سوشل میڈیا مانیٹرنگ سیل قائم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ، جو روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی کا جائزہ لے گا۔مزید برآں، بہترین کارکردگی دکھانے والے سکولوں، اساتذہ اور افسروں کو سراہا جائے گا اور ایوارڈز دیئے جائیں گے ۔ حکومت پنجاب نے سال 2026 کو \"تعلیم برائے سب\" کا سال قرار دیتے ہوئے اس ہدف کے حصول کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کا عزم ظاہر کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں