سیلاب سے بچائو کیلئے پیشگی انتظامات کا آغاز،ضلعی انتظامیہ سرگرم

سیلاب سے بچائو کیلئے پیشگی انتظامات کا آغاز،ضلعی انتظامیہ سرگرم

بندوں کی مضبوطی ، ریسکیو وریلیف آپریشنز ،ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جامع پلان ترتیب دیدیا ، ڈی سی

ملتان( وقائع نگار خصوصی)ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق کی زیر صدارت سیلاب کے پیشگی انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں یو این کے وفد اور مختلف این جی اوز کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گزشتہ برس ضلع ملتان میں سیلاب کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی تھی، رواں سال ممکنہ سیلابی خطرات کے پیش نظر حکومت پنجاب کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ نے پیشگی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے قبل مقامی آبادیوں کے تحفظ، حفاظتی بندوں کی مضبوطی، ریسکیو و ریلیف آپریشنز اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے جامع اور مؤثر ایمرجنسی پلان ترتیب دیا گیا ہے جس میں تمام متعلقہ اداروں، سٹیک ہولڈرز اور این جی اوز کو شامل کیا گیا ہے تاکہ جانی و مالی نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے ۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے مزید کہا کہ نجی شعبے اور فلاحی تنظیموں کا تعاون ضلعی انتظامیہ کیلئے انتہائی اہم ہے اور مشترکہ کاوشوں کے ذریعے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں