پنجاب میں کپاس کی کاشت کا 30فیصد ہدف حاصل
سیکرٹری زراعت کا اجلاس، پانی فراہمی اور ملاوٹ روکنے کی ہدایات
ملتان (وقائع نگار خصوصی)سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی زیر صدارت ملتان میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبہ بھر میں کپاس کی کاشت کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر آصف علی، سپیشل سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب سرفراز حسین مگسی، ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس پنجاب شبیر احمد خان، مختلف ڈائریکٹر جنرلز، ماہرین زراعت اور ترقی پسند کاشتکاروں نے شرکت کی جبکہ دیگر افسر آن لائن شریک ہوئے ۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں رواں سیزن کے لیے 32 لاکھ ایکڑ رقبے پر کپاس کی کاشت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ، جس میں سے اب تک 30 فیصد ہدف حاصل کر لیا گیا۔سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو نے کہا کہ کاشتکاروں کو جدید پیداواری ٹیکنالوجی سے بھرپور آگاہی دی جائے تاکہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ممکن ہو۔ انہوں نے کپاس کے علاقوں میں نہری پانی کی بروقت اور وافر فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے کھادوں اور زرعی ادویات میں ملاوٹ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔