لاک ڈاؤن :درزی برادری متاثر، عید آرڈرز التوا کا شکار

لاک ڈاؤن :درزی برادری متاثر، عید آرڈرز التوا کا شکار

ٹیلر ماسٹرز اور بوتیکس مالکان نے عید تک خصوصی ریلیف کا مطالبہ کر دیا

کوٹ ادو(ڈسٹرکٹ رپورٹر )حکومتی لاک ڈاؤن اور کاروباری پابندیوں کے باعث ٹیلر ماسٹرز اور درزی برادری شدید مشکلات کا شکار ہو گئی ہے ، جبکہ عیدالاضحیٰ قریب ہونے کے باوجود کپڑوں کی سلائی اور تیاری کا کام بری طرح متاثر ہو رہا ہے ۔ ضلعی مرکز کوٹ ادو اور گرد و نواح میں ٹیلر شاپس، بوتیکس اور سلائی مراکز میں عید کے کپڑوں کی تیاری کے سینکڑوں آرڈرز زیر التوا ہیں۔

درزیوں کے مطابق محدود اوقات کار اور جلد دکانیں بند ہونے کی وجہ سے کام مکمل کرنا مشکل ہو گیا ہے جبکہ گاہک بھی بروقت کپڑے نہ ملنے پر پریشان ہیں۔درزی برادری نے بتایا کہ شلوار قمیض، بچوں کے ملبوسات اور خواتین کے سوٹس کی تیاری متاثر ہو رہی ہے اور کاریگر رات گئے تک کام کرنے پر مجبور ہیں۔ بوتیکس مالکان نے بھی کاروبار میں کمی پر تشویش ظاہر کی ہے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عیدالاضحیٰ تک خصوصی ریلیف دیتے ہوئے کاروباری اوقات میں نرمی کی جائے تاکہ روزگار اور عید کی تیاری متاثر نہ ہو۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں