گرمی‘بجلی کا لوڈ بڑھنے سے ٹرانسفارمرز جلنے لگے : اکرم جاوید
شہر بھر میں 10نئے ٹرانسفارمرز نصب کیے جا رہے ہیں :ایکسین میپکو کی گفتگو
میلسی(نامہ نگار )ایکسین میپکو چوہدری محمد اکرم جاوید نے کہا ہے کہ شدید گرمی کے باعث رات کے اوقات میں بجلی کے استعمال میں غیر معمولی اضافہ ہو جاتا ہے جس سے ٹرانسفارمرز پر اضافی لوڈ پڑتا ہے اور مختلف مقامات پر ٹرانسفارمر جلنے کے واقعات پیش آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان واقعات کے باعث شہریوں کو بجلی کی بندش اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے تاہم میپکو حکام صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے شہر بھر میں 10نئے ٹرانسفارمرز نصب کیے جا رہے ہیں جبکہ لوڈ کو منظم انداز میں تقسیم کیا جا رہا ہے تاکہ بجلی کی فراہمی بلا تعطل جاری رکھی جا سکے ۔ ایکسین نے مزید کہا کہ میپکو ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں اور خراب ٹرانسفارمرز کی فوری مرمت و تبدیلی کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ صارفین کو کم سے کم مشکلات پیش آئیں۔