چک 135 دس آر کی سرکاری ڈسپنسری کئی سال سے بند
جہانیاں(نمائندہ دنیا) چک نمبر 135 دس آر قدیم میں قائم سرکاری رورل ڈسپنسری کئی سال سے بند پڑی ہے جس کے باعث اہل علاقہ بنیادی طبی سہولیات سے محروم ہیں۔ ۔۔۔
مقامی افراد کے مطابق ڈسپنسری کی عمارت خستہ حالی کا شکار ہو چکی ہے اور کھنڈر کا منظر پیش کر رہی ہے ۔ دیواروں میں دراڑیں پڑ چکی ہیں جبکہ دروازے اور کھڑکیاں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت اور مقامی منتخب نمائندے اس صورتحال پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ اہل علاقہ نے بتایا کہ ڈسپنسری بند ہونے کے باعث معمولی بیماری کی صورت میں بھی انہیں دور دراز علاقوں کے ہسپتالوں کا رخ کرنا پڑتا ہے جس سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غریب عوام علاج جیسی بنیادی سہولت سے بھی محروم ہو چکے ہیں۔ اہل علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، محکمہ صحت اور منتخب نمائندوں سے مطالبہ کیا ہے کہ رورل ڈسپنسری کو فوری فعال کرکے ڈاکٹرز اور طبی عملہ تعینات کیا جائے جبکہ عمارت کی مرمت بھی کرائی جائے ، بصورت دیگر عوام احتجاج پر مجبور ہوں گے ۔