پٹرولیم لیوی میں اضافہ واپس لیا جائے ، رہنما جماعت اسلامی
مہنگائی کے شکار عوام پر مزید بوجھ ڈال دیا گیا، وہاڑی میں بھی احتجاجی مظاہرہ
وہاڑی (خبرنگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی ملک گیر احتجاجی کال پر جماعت اسلامی وہاڑی کے زیر اہتمام پٹرولیم مصنوعات پر اضافی لیوی اور قیمتوں میں حالیہ اضافے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ نماز جمعہ کے بعد فیصل مسجد سے شروع ہونے والے احتجاج میں جماعت اسلامی کے کارکنان، عہدیداران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت مخالف نعرے درج تھے ۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت امیر جماعت اسلامی ضلع وہاڑی چودھری طارق محمود نے کی جبکہ جنرل سیکرٹری ضلع راؤ عمر نفیس، جنرل سیکریٹری تحصیل انجینئر علی احمد صابر، امیر جماعت اسلامی سٹی وہاڑی چودھری یعقوب سندھو اور دیگر مقامی قائدین بھی شریک تھے ۔ مظاہرین نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات پر عائد اضافی لیوی فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چودھری طارق محمود نے کہا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے پہلے سے مہنگائی کے شکار عوام پر مزید بوجھ ڈال دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی مسائل پر خاموش نہیں رہے گی اور اضافی لیوی کے خاتمے تک احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ دیگر مقررین نے بھی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات پر عائد اضافی ٹیکس اور لیوی ختم کرکے عوام کو فوری ریلیف دیا جائے ۔ احتجاج کے اختتام پر شرکاء نے حکومت مخالف نعرے بازی کی۔