ون ویلر کی ٹکر سے زخمی ہونیوالا نوجوان دم توڑ گیا
فدا حسین پانچ روز سے کومہ میں تھا، گھر میں کہرام،ہر آنکھ اشک بارہوگئی
دوکوٹہ(نامہ نگار)ون ویلنگ کے شوق نے ایک اور گھر کا چراغ گل کر دیا، موٹر سائیکل کی ٹکر سے زخمی ہونے والا نوجوان دم توڑ گیا جبکہ گھر میں کہرام مچ گیا۔تفصیلات کے مطابق چک نمبر 143 ڈبلیو بی کے رہائشی شیخ شیر محمد کا بیٹا شیخ فدا حسین روزگار کے سلسلہ میں سیالکوٹ میں مقیم تھا۔ پانچ روز قبل وہ اپنے دو دوستوں کے ہمراہ ہوٹل سے کھانا کھا کر واپس جا رہا تھا کہ اسی دوران ون ویلنگ کرنے والے موٹر سائیکل سوار نے انہیں ٹکر مار دی۔حادثے کے نتیجہ میں شیخ فدا حسین شدید زخمی ہوگیا اور اس کی ٹانگیں ٹوٹ گئیں جبکہ وہ کومہ میں چلا گیا۔ اس کے ایک دوست کی بھی دونوں ٹانگیں ٹوٹ گئیں جبکہ تیسرا دوست محفوظ رہا۔ حادثے کے بعد موٹر سائیکل سوار فرار ہوگیا تاہم پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے اسے گرفتار کر لیا۔زخمی نوجوان دوران علاج دم توڑ گیا۔ میت گھر پہنچنے پر ہر آنکھ اشکبار تھی۔ مرحوم کی نماز جنازہ پٹرولنگ چوکی دوکوٹہ کے قریب ادا کی گئی جس میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی، بعدازاں اسے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔