میپکو ملازمین کیلئے ایک ماہ کااعزازیہ بحال کرنے کی منظوری

میپکو ملازمین کیلئے ایک ماہ کااعزازیہ بحال کرنے کی منظوری

ریگولر، کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین بھی اعزازیہ حاصل کرنے کے اہل قرار

ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ملازمین کو ایک ماہ کی بنیادی تنخواہ کے برابر اعزازیہ دینے کی منظوری دے دی ہے ۔چیف (ایچ آر اینڈ سی پی) آفیسر میپکو میاں محمد سہیل افضل کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اعزازیہ میپکو کے ریگولر، کنٹریکٹ، سی لیول، لمپ سم پیکیج، ڈیپوٹیشن، ڈیلی ویجز اور پارٹ ٹائم ملازمین کو دیا جائے گا، بشرطیکہ وہ یکم جولائی 2025ء سے کم از کم چھ ماہ تک میپکو کے پے رول پر موجود رہے ہوں۔ تاہم ڈیلی ویجز اور پارٹ ٹائم ملازمین کیلئے مسلسل چھ ماہ سروس کی شرط لاگو نہیں ہوگی۔آفس آرڈر کے مطابق ڈیلی ویجز اور پارٹ ٹائم ملازمین کو آخری وصول شدہ ایک ماہ کی تنخواہ کے برابر اعزازیہ ادا کیا جائے گا جبکہ دوبارہ تعینات ہونے والے وہ ملازمین، جن کی سروس میں کوئی وقفہ نہ ہو، بھی اس سہولت کے حقدار ہوں گے ۔

 

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کرپشن یا بجلی چوری میں ملوث اور بڑی سزا پانے والے ملازمین اعزازیہ حاصل نہیں کر سکیں گے ، تاہم الزامات سے بری ہونے کی صورت میں انہیں یہ سہولت دی جا سکے گی۔ اسی طرح چھ ماہ سے زائد رخصت یا ڈیپوٹیشن پر جانے والے ملازمین بھی اعزازیہ کے اہل نہیں ہوں گے ۔آفس آرڈر کے مطابق لمپ سم پیکیج پر کام کرنے والے ملازمین کو ان کے پیکیج کے 70 فیصد کے برابر اعزازیہ ادا کیا جائے گا۔

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں