جیلوں میں قیدیوں کی خواندگی کیلئے پلیسمنٹ ٹیسٹ مکمل
چیف منسٹر پریزنر لٹریسی پروگرام کے تحت 243 قیدیوں نے شرکت کی
ملتان (خصوصی رپورٹر) چیف منسٹر پریزنر لٹریسی پروگرام کے تحت ضلع ملتان کی چاروں جیلوں میں پلیسمنٹ ٹیسٹ کامیابی کے ساتھ منعقد کئے گئے ۔سنٹرل جیل ملتان، ڈسٹرکٹ جیل ملتان، ویمن جیل ملتان اور سب جیل شجاع آباد میں ہونے والے ان ٹیسٹس میں مجموعی طور پر 243 ناخواندہ قیدیوں نے حصہ لیا۔پروگرام کا مقصد لٹریسی اینڈ نان فارمل بیسک ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور محکمہ داخلہ پنجاب کے اشتراک سے قائم کئے گئے آڈلٹ لٹریسی سینٹرز میں زیرِ تعلیم قیدیوں کی تعلیمی استعداد کا جائزہ لینا ہے ۔پہلے مرحلے میں ضلع ملتان کی جیلوں میں 10 آڈلٹ لٹریسی سینٹرز قائم کئے گئے ہیں جہاں قیدیوں کو بنیادی تعلیم کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے ۔حکام کے مطابق اس پروگرام کا بنیادی مقصد پنجاب کی تمام جیلوں میں قیدیوں کو سو فیصد خواندہ بنانا ہے تاکہ کوئی بھی قیدی ناخواندہ نہ رہے اور انہیں تعلیم و بحالی کے بہتر مواقع فراہم کئے جا سکیں۔یہ اقدام حکومت پنجاب کے تعلیم، اصلاح اور سماجی بحالی کے وژن کی عکاسی کرتا ہے ۔