ٹرین دھماکے میں شہید عاطف کی فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین
سینکڑوں افراد کی شرکت، پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی
بورے والا (نمائندہ دنیا ) کوئٹہ ٹرین دھماکے میں شہید ہونے والے جوان عاطف کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں 171 ای بی میں ادا کر دی گئی۔ قومی پرچم میں لپٹے شہید کے جسد خاکی کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ تفصیل کے مطابق کوئٹہ ٹرین دھماکے میں شہید ہونے والے فوجی جوان محمد عاطف کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں میں ادا کی گئی جس میں پاک فوج کے افسران، سیاسی و سماجی شخصیات اور سینکڑوں شہریوں نے شرکت کی۔ بریگیڈیئر فیاض قادر سبحانی نے شہید کی قبر پر پھول رکھے جبکہ پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ فضا پاکستان زندہ باد اور شہید کی عظمت کے نعروں سے گونجتی رہی۔