بی زیڈ یو،سرکاری گاڑیوں کے مبینہ غلط استعمال کا انکشاف

بی زیڈ یو،سرکاری گاڑیوں کے مبینہ غلط استعمال کا انکشاف

سکیل 16 کے افسر و اہلخانہ پر دوران عیدگاڑیوں کے غیر مجاز استعمال کے الزامات

ملتان (خصوصی رپورٹر) زکریا یونیورسٹی ملتان کے ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ میں قواعد و ضوابط کی مبینہ خلاف ورزی اور سرکاری گاڑیوں کے غیر مجاز استعمال کا انکشاف ہوا ہے ، جس میں سکیل 16 کے ٹرانسپورٹ افسر اور ان کے اہل خانہ پر عیدالاضحیٰ کے ایام میں سرکاری گاڑیوں کے ذاتی استعمال کے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق مذکورہ افسر، جو گریڈ 16 میں تعینات ہیں، سرکاری قواعد کے مطابق ذاتی استعمال کے لیے گاڑی کے مجاز نہیں ہیں، تاہم مبینہ طور پر وہ خود اور ان کا پورا خاندان عید کے تینوں روز سرکاری گاڑی استعمال کرتا رہا۔ قواعد کے مطابق سرکاری گاڑیوں کا استعمال صرف ڈیوٹی اور مجاز افسران تک محدود ہوتا ہے جبکہ ٹرانسپورٹ افسر کا بنیادی کام گاڑیوں کی نگرانی اور الاٹمنٹ کو یقینی بنانا ہے ۔ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ میں بسوں کی مرمت کے جعلی بلوں سے متعلق شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں۔ دوسری جانب رجسٹرار آفس سے رابطہ کرنے پر کوئی مؤقف سامنے نہیں آ سکا۔ یونیورسٹی ملازمین نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مبینہ غیر قانونی اقدامات کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں