ایل پی جی قیمت میں کمی کے باوجود زائد نرخ پر فروخت
وہاڑی میں گھریلو سلنڈر 4600 سے 5000 روپے تک فروخت ہونے لگا
وہاڑی(خبر نگار، نمائندہ خصوصی) حکومت کی جانب سے ایل پی جی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے اعلان کے باوجود ضلع وہاڑی میں گھریلو گیس سلنڈر من مانے نرخوں پر فروخت کیے جا رہے ہیں۔ شہریوں کے مطابق سرکاری ریلیف کے اثرات مقامی مارکیٹ تک نہیں پہنچ سکے اور گھریلو سلنڈر 4600 سے 5000 روپے تک فروخت ہو رہا ہے ۔ایل پی جی ڈیلرز کا کہنا ہے کہ انہیں مختلف پلانٹس سے گیس مہنگے داموں مل رہی ہے جس کے باعث سرکاری نرخوں پر سلنڈر فروخت کرنا ممکن نہیں۔دوسری جانب شہریوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخوں پر ایل پی جی کی دستیابی یقینی بنائی جائے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ غریب ریڑھی بانوں کے خلاف تو فوری کارروائیاں کی جاتی ہیں مگر بڑے کاروباری حلقوں کی جانب سے مبینہ من مانی قیمتوں پر فروخت کے باوجود متعلقہ ادارے خاموش دکھائی دیتے ہیں، جس سے عوام کو سرکاری ریلیف کا کوئی فائدہ نہیں پہنچ رہا۔