میپکو:غیر قانونی ورکشاپس کیخلاف کریک ڈائون،قانونی کارروائی کا حکم
نجی تھڑا ورکشاپس سے ٹرانسفارمر مرمت پر سخت کارروائی، ایف آئی آر درج کی جائیں گی ، نگرانی، اچانک معائنے، چھاپہ مار کارروائی شروع کرنے کے احکامات جاری
ملتان (خصوصی رپورٹر)میپکو نے خراب یا جلنے والے ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز کی غیر قانونی طور پر نجی اور غیر منظور شدہ ورکشاپس سے مرمت کروانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔جنرل منیجر آپریشن محمد اکرم سیال نے تمام آپریشن سرکلوں کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسفارمرز کی مرمت صرف میپکو کی آئی ایس او سرٹیفائیڈ ٹرانسفارمر ری کلیمیشن ورکشاپس سے کروائی جائے ۔انہوں نے غیر مجاز نجی ورکشاپس کے ذریعے مرمت کی روک تھام کیلئے سخت نگرانی، اچانک معائنے اور چھاپہ مار کارروائیاں شروع کرنے کا حکم دیا۔ ہدایات میں کہا گیا کہ غیر قانونی مرمت میں ملوث ورکشاپ مالکان اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی اور ایف آئی آر درج کروائی جائے ۔میپکو حکام کے مطابق یہ مہم کمپنی کے اثاثوں کے تحفظ، مالی نقصان کی روک تھام، معیاری مرمت یقینی بنانے اور بجلی کی فراہمی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کیلئے شروع کی جا رہی ہے جبکہ غفلت برتنے والے افسروں کے خلاف بھی محکمانہ کارروائی ہوگی۔حکام نے واضح کیا کہ نجی ورکشاپس سے ٹرانسفارمرز کی مرمت پر زیروٹالرنس پالیسی نافذ کردی گئی ہے۔کسی افسر نے ذاتی طور پر نجی ورکشاپس سے ٹرانسفارمرز کا مرمتی کام کروایا تو اس کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اس ضمن میں ادار ے کا عملہ ہر ممکن تعاون کرے۔