فراڈ اور امانت میں خیانت کے واقعات، مقدمات درج
کوٹ ادو(ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ضلع کوٹ ادو میں فراڈ اور امانت میں خیانت کے دو مختلف واقعات کے مقدمات درج کر لیے گئے ۔
پہلی واردات تھانہ قصبہ گجرات کے علاقے میں پیش آئی جہاں ایک خاتون یو بی ایل کے اے ٹی ایم سے رقم نکلوانے گئی۔ پولیس کے مطابق نامعلوم ملزم نے مدد کا جھانسہ دے کر خاتون کا اے ٹی ایم کارڈ تبدیل کر لیا اور بعد ازاں اس کے اکاؤنٹ سے ایک لاکھ 99 ہزار روپے نکلوا لیے ۔ متاثرہ خاتون کی درخواست پر پولیس نے نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے ۔ دوسری واردات تھانہ سنانواں کے علاقے ذوالفقار آباد میں پیش آئی جہاں محمد عارف نے محمد یاسر، احتشام جاوید، عبدالغفار اور رانا عقیل عرف محمد فاروق کے خلاف مقدمہ درج کراتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان نے اس سے ایک کروڑ 62 لاکھ 50 ہزار روپے بطور امانت وصول کیے مگر مقررہ وقت پر واپس نہ کیے اور امانت میں خیانت کے مرتکب ہوئے ۔ پولیس نے درخواست کی روشنی میں مقدمہ درج کرکے واقعات کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور متعلقہ ریکارڈ بھی حاصل کیا جا رہا ہے ۔