پبلک سکول نواز شریف سکول آف امینینس میں تبدیل ہوگا
پبلک سکول نواز شریف سکول آف امینینس میں تبدیل ہوگامعیاری تعلیم ، مفت تعلیمی مواقع اور مہارتوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی،ڈپٹی کمشنر
لودھراں(سٹی رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے لودھراں پبلک سکول کا دورہ کیا اور خواتین اساتذہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سکول کو نواز شریف سکول آف امینینس میں تبدیل کرنے کے حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کی اپ گریڈیشن کے بعد طلبہ کو معیاری اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، جبکہ ادارے کی ترقی اور وسائل کی دستیابی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سکول کی نئی حیثیت سے اساتذہ اور دیگر عملے کے تنخواہی پیکیج میں بھی بہتری آئے گی، جس سے تدریسی معیار مزید بلند ہوگا۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ بہترین کارکردگی کے ذریعے ادارے کا مثبت تشخص اجاگر کریں۔ محمد اشرف نے کہا کہ ذہین اور اہل طلبہ کو مفت تعلیمی مواقع فراہم کیے جائیں گے اور جدید دور کے تقاضوں کے مطابق سکلز ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ طلبہ کو مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بہتر انداز میں تیار کیا جا سکے ۔