ڈپٹی کمشنر کا لودھراں میں بیوٹیفکیشن اور صفائی کاموں کا جائزہ
ڈپٹی کمشنر کا لودھراں میں بیوٹیفکیشن اور صفائی کاموں کا جائزہ
لودھراں(سٹی رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے اسسٹنٹ کمشنر فرخ اللہ خان اور دیگر افسران کے ہمراہ لودھراں شہر کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے مرکزی بازار، سٹیڈیم روڈ سے نالہ والی مسجد تک جاری بیوٹیفکیشن منصوبے ، تعمیراتی کاموں اور صفائی کی صورتحال کا معائنہ کیا اور تاجروں سے منصوبے کی پیش رفت اور معیار کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر سینٹری ورکرز کی کارکردگی اور عوامی تعاون کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق بازاروں کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے ، جس سے ان کی خوبصورتی، یکسانیت اور مجموعی ماحول میں نمایاں بہتری آئی ہے ۔ انہوں نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ حکومتی منصوبوں کی حفاظت میں اپنا کردار ادا کریں، جبکہ تعمیراتی کاموں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔ محمد اشرف نے واضح کیا کہ سرکاری اراضی پر ناجائز قبضے کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے اور واگزاری آپریشن بلاامتیاز جاری رہے گا۔ انہوں نے شہریوں سے صفائی کی صورتحال اور عملے کے رویے سے متعلق بھی معلومات لیں اور کہا کہ مثبت عوامی ردعمل ہی ضلعی انتظامیہ کی کامیابی کا حقیقی معیار ہے ۔