سرکاری سکولوں میں دو ہیڈز تعینات کرنے کا فیصلہ

سرکاری سکولوں میں دو ہیڈز تعینات کرنے کا فیصلہ

سرکاری سکولوں میں دو ہیڈز تعینات کرنے کا فیصلہانتظامی و تدریسی امور الگ، گرمیوں کی تعطیلات سے پہلے تعیناتیاں مکمل ہونگی

ملتان (خصوصی رپورٹر) محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے سرکاری سکولوں میں انتظامی اور تدریسی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اہم اصلاحات متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ نئے ایجوکیشن پلان کے تحت پنجاب بھر کے پرائمری، مڈل اور ہائی سکولوں میں دو ہیڈز تعینات کیے جائیں گے تاکہ انتظامی اور تدریسی ذمہ داریوں کو الگ الگ انداز میں انجام دے کر تعلیمی معیار بہتر بنایا جا سکے ۔ محکمہ کے مطابق موسم گرما کی تعطیلات کے اختتام سے قبل تمام سکولوں میں نئی تعیناتیوں کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔منصوبے کے تحت ہر سکول میں ایک ریگولر ہیڈ ماسٹر، ہیڈ مسٹریس یا پرنسپل جبکہ دوسرا او پی ایس (اون پے سکیل) ہیڈ ماسٹر تعینات کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق او پی ایس ہیڈ کی بنیادی ذمہ داری تدریسی سرگرمیوں کی نگرانی، طلبہ کی حاضری یقینی بنانا، تعلیمی نتائج بہتر بنانے کے لیے اقدامات کرناہے۔

، اساتذہ کے ساتھ مل کر تدریسی ماحول کو مؤثر بنانا اور روزانہ کی تعلیمی سرگرمیوں کی رپورٹ ریگولر ہیڈ کو پیش کرنا ہوگی۔دوسری جانب ریگولر ہیڈ ماسٹر یا پرنسپل سکول کے مجموعی انتظامی امور، اساتذہ کی کارکردگی، ترقیاتی منصوبوں، طلبہ کی تعلیمی و اخلاقی تربیت اور محکمانہ افسران سے رابطہ کاری کا ذمہ دار ہوگا۔ محکمہ سکول ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ اس نئی حکمت عملی سے انتظامی بوجھ تقسیم ہوگا، تدریسی نظام پر زیادہ توجہ دی جا سکے گی، اساتذہ کی کارکردگی میں بہتری آئے گی اور طلبہ کے تعلیمی نتائج مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ حکام کے مطابق منصوبے پر مرحلہ وار عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ تاکہ تمام سرکاری سکول یکساں نظام کے تحت کام کر سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں