بی آئی ایس ای کاانٹر پریکٹیکل امتحانات کا شیڈول جاری
بی آئی ایس ای کاانٹر پریکٹیکل امتحانات کا شیڈول جاری 14 جولائی تا 21 اگست امتحانات، امیدواروں کو وقت کی پابندی کی ہدایت
ملتان (خصوصی رپورٹر) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (بی آئی ایس ای) ملتان نے انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات 2026 کے پریکٹیکل امتحانات کا شیڈول جاری کر دیا ہے ۔ اعلامیے کے مطابق پریکٹیکل امتحانات 14 جولائی سے شروع ہوں گے اور 21 اگست 2026 تک جاری رہیں گے ۔ بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ امتحانات کے شفاف اور منظم انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔بورڈ کے مطابق پریکٹیکل امتحانات روزانہ تین شفٹوں میں ہوں گے ۔ پہلی شفٹ صبح 9 بجے سے 11 بجے تک، دوسری شفٹ صبح 11:30 بجے سے دوپہر 1:30 بجے تک جبکہ تیسری شفٹ دوپہر 2:30 بجے سے شام 4:30 بجے تک جاری رہے گی۔ شیڈول میں فزکس، کیمسٹری، بیالوجی، کمپیوٹر سائنس، الیکٹریکل وائرنگ، ووڈ ورک، فیشن ڈیزائننگ، ہیلتھ اینڈ فزیکل ایجوکیشن، فوڈ اینڈ نیوٹریشن اور دیگر مضامین کے پریکٹیکل امتحانات شامل ہیں۔بورڈ نے تمام امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی رول نمبر سلپ پر درج تاریخ، وقت اور امتحانی مرکز کے مطابق بروقت پہنچیں۔ مقررہ وقت کے بعد آنے والے امیدواروں کو پریکٹیکل امتحان میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ مزید ہدایت کی گئی ہے کہ طلبہ اپنی متعلقہ مضامین کی پریکٹیکل نوٹ بک، ضروری آلات اور دیگر مطلوبہ سامان لازمی ساتھ لائیں اور امتحانی ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل کریں تاکہ امتحانات خوش اسلوبی اور شفاف انداز میں مکمل کیے جا سکیں۔