جانوروں کی آلائشوں سے چربی و تیل تیارکرنیوالا یونٹ پکڑا گیا
جانوروں کی آلائشوں سے چربی و تیل تیارکرنیوالا یونٹ پکڑا گیاایک من چربی اور کھلا آئل موقع پر تلف ،مالک کے خلاف مقدمہ بھی درج
ملتان (لیڈی رپورٹر) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جانوروں کی آلائشوں سے چربی اور کھلا آئل تیار کرنے والے غیر قانونی رینڈرنگ یونٹ کا سراغ لگا کر کارروائی کرتے ہوئے ایک من چربی اور کھلا آئل موقع پر تلف کر دیا، جبکہ یونٹ کے مالک کے خلاف مقدمہ بھی درج کرا دیا گیا۔ ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیم نے بوریوالا کے علاقے مرضی پورہ میں کارروائی کی، جہاں بغیر لائسنس اور رجسٹریشن کے غیر معیاری آئل تیار کیا جا رہا تھا۔ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران معلوم ہوا کہ تیار کیا جانے والا کھلا آئل فاسٹ فوڈ کی تیاری میں استعمال کیا جانا تھا، جو انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا تھا۔
فوڈ سیفٹی ٹیم نے موقع پر موجود ایک من چربی اور کھلا آئل تلف کر دیا اور سنگین خلاف ورزی پر یونٹ کے مالک کے خلاف تھانہ ماڈل ٹاؤن بوریوالا میں مقدمہ درج کرا دیا۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا نے کہا کہ شہریوں کو محفوظ، معیاری اور ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی ادارے کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ انسانی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف صوبہ بھر میں بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ خوراک سے متعلق کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کو دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے ۔