تعلیمی بورڈ کے دفتر میں شارٹ سرکٹ سے آگ بھڑک اٹھی

تعلیمی بورڈ کے دفتر میں شارٹ سرکٹ سے آگ بھڑک اٹھی

تعلیمی بورڈ کے دفتر میں شارٹ سرکٹ سے آگ بھڑک اٹھیریسکیو کی بروقت کارروائی، سات افراد محفوظ، نقصان کے تعین کیلئے کمیٹی قائم

ملتان (خصوصی رپورٹر) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (بی آئی ایس ای) ملتان کے دفتر میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گئی، جس پر ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے قابو پا لیا۔ واقعہ صبح دفتر کھلنے کے کچھ دیر بعد پیش آیا، جب بجٹ سیکشن میں نصب ایئرکنڈیشنر میں شارٹ سرکٹ سے آگ بھڑک اٹھی۔ بورڈ ملازمین نے فوری طور پر آگ بجھانے والے آلات استعمال کیے اور مین بجلی کا سوئچ بند کر دیا، تاہم کمرہ دھوئیں سے بھر جانے کے باعث ریسکیو 1122 کو طلب کر لیا گیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق اطلاع ملتے ہی چار فائر وہیکلز، ایک ریسکیو وہیکل، ایک ایمبولنس اور ایک موٹر بائیک ایمبولنس سمیت ایمرجنسی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔

ریسکیو اہلکاروں نے دوسری منزل کی چھت پر موجود سات افراد کو سیڑھی کے ذریعے بحفاظت نیچے منتقل کیا اور مؤثر فائر فائٹنگ کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔ بعد ازاں کولنگ کا عمل بھی مکمل کیا گیا جبکہ بجلی کی فراہمی محفوظ انداز میں منقطع کرا دی گئی تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے ۔ترجمان تعلیمی بورڈ کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم بعض دفتری فائلیں، فرنیچر، ایک ایئرکنڈیشنر، کمپیوٹر کا سامان اور پردے جل گئے ۔ چیئرمین تعلیمی بورڈ ڈاکٹر اعجاز احمد نے 48 گھنٹوں میں نقصان کا تخمینہ اور حقائق معلوم کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔ ، جس میں ڈپٹی سیکرٹری (فنانس)، اسٹیٹ آفیسر، مسز خالدہ ظفر، ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن، اسسٹنٹ سیکرٹری ایف سی اور ریذیڈنٹ انجینئر شامل ہیں۔ چیئرمین ڈاکٹر اعجاز احمد اور سیکرٹری خرم شہزاد قریشی نے موقع کا معائنہ کرتے ہوئے مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مزید مؤثر حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں