زرعی زمینوں کا نہری پانی ٹاؤنز کو فراہم کرنے کا انکشاف
محکمہ انہار کو لاکھوں کا نقصان، تحقیقات اور ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ
جہانیاں(نمائندہ دنیا)جہانیاں کے علاقوں 113 ٹن آر، 112 ٹن آر اور 111 ٹن آر میں زرعی اراضی پر قائم متعدد ٹاؤنز کے حوالے سے نہری پانی کے استعمال پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ ذرائع کے مطابق زرعی زمینوں اور باغات کے لیے مختص نہری پانی مبینہ طور پر بعض بااثر افراد کی جانب سے ٹاؤنز میں استعمال کیا جا رہا ہے ، جس کے باعث محکمہ انہار کو ہر ماہ لاکھوں روپے کے مالی نقصان کا سامنا ہے ۔مقامی سماجی اور سیاسی حلقوں نے الزام عائد کیا ہے کہ بعض محکمہ انہار کے افسران اور بااثر زمینداروں کے درمیان مبینہ گٹھ جوڑ کے باعث یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ زرعی مقاصد کے لیے جاری پانی کا غیر متعلقہ استعمال نہ صرف قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ہے بلکہ اس سے دیگر کسان بھی متاثر ہو رہے ہیں۔شہری و سماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور سیکرٹری محکمہ انہار پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی افسر یا فرد کی جانب سے بے ضابطگی ثابت ہو تو ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ غیر قانونی طور پر استعمال ہونے والے نہری پانی کا سلسلہ فوری طور پر بند کر کے زرعی پانی کی منصفانہ فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ کسانوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments