سبزیوں ، پھلوں کی قیمتوں میں اضافہ، شہری مہنگائی سے پریشان
ریٹ لسٹیں غائب، دکاندار من مانے نرخ وصول کرنے لگے ، کارروائی کا مطالبہ
خانیوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)شہر بھر میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث شہری شدید پریشانی کا شکار ہو گئے ۔ مختلف بازاروں اور ریڑھیوں پر اشیائے خورونوش سرکاری نرخوں کے بجائے من مانے داموں فروخت ہونے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں جبکہ بیشتر مقامات پر سرکاری ریٹ لسٹیں بھی آویزاں نہیں کی گئیں۔تفصیلات کے مطابق روزمرہ استعمال کی سبزیاں اور پھل عام شہریوں کی پہنچ سے دور ہوتے جا رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ دکاندار اپنی مرضی کے نرخ وصول کر رہے ہیں جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی جانب سے مؤثر کارروائیاں نظر نہیں آ رہیں۔سماجی حلقوں نے کہا کہ مہنگائی کے باعث پہلے ہی عوام مشکلات کا شکار ہیں، ایسے میں ناجائز منافع خوری سے شہریوں کی پریشانی میں مزید اضافہ ہو رہا ہے ۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر خانیوال، اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ پرائس کنٹرول حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مارکیٹوں کی فوری چیکنگ کی جائے ، سرکاری ریٹ لسٹوں کی نمایاں جگہوں پر موجودگی یقینی بنائی جائے اور زائد نرخ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments