صفائی میں غفلت پر ستھرا پنجاب ٹیم کو 6 لاکھ جرمانہ
اسسٹنٹ کمشنر کا مختلف علاقوں کا دورہ، ناقص انتظامات پر حکام کی سرزنش
جلال پور پیروالا(نامہ نگار)اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر مکرم سلطان سہو نے صفائی کے ناقص انتظامات پر ستھرا پنجاب ایجنسی کو 6 لاکھ روپے جرمانہ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر مکرم سلطان سہو نے حافظ والا، امام بخش کالونی، چک نمبر 56 ایم اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا اور صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس دوران سرکاری دفاتر اور شہری آبادی کے قریب کوڑا کرکٹ موجود ہونے پر انہوں نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ انتظامیہ کی سرزنش کی۔اسسٹنٹ کمشنر نے ناقص کارکردگی اور غفلت پر ستھرا پنجاب ایجنسی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جرمانہ عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق شہری علاقوں میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنانا متعلقہ اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے ، جس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ عوام کو بہترین شہری سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی ترجیح ہے اور فرائض میں غفلت برتنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔
اسسٹنٹ کمشنر نے ستھرا پنجاب ایجنسی کو ہدایت کی کہ شہر بھر میں صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے ، کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی یقینی بنائی جائے اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments