پنجاب کالج جلال پور میں مینگو فیسٹیول کا شاندار انعقاد
طلبہ کا مختلف اقسام، مصنوعات کے سٹالز لگا کر تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ
جلال پور پیروالا(نامہ نگار)پنجاب کالج جلال پور میں طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں، زرعی آگاہی اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مینگو فیسٹیول کا انعقاد ، اساتذہ اور معزز مہمانوں نے بھرپور شرکت کی۔فیسٹیول کے دوران طلبہ نے نہایت خوبصورت انداز میں مختلف سٹالز سجائے ، جن پر پاکستان کی مشہور آم کی اقسام، جن میں چونسہ، سندھڑی، انور رٹول، دسہری، لنگڑا اور دیگر اعلیٰ اقسام نمائش کیلئے پیش کی گئیں۔طلبہ نے آم سے تیار کردہ مختلف مصنوعات مینگو شیک، مینگو جوس،مینگو آئس کریم، مینگو جیم، مینگو جیلی، مینگو ڈیزرٹس، فروٹ چاٹ اور دیگر منفرد اشیاء بھی تیار کرکے خوبصورت انداز میں ڈسپلے کیں۔شرکاء نے طلبہ کی محنت، تخلیقی صلاحیتوں اور پیشکش کو بے حد سراہا۔ اس موقع پر طلبہ نے آم کی غذائی افادیت، پاکستان کی معیشت میں آم کی اہمیت اور اس کی برآمدات سے متعلق معلومات بھی پیش کیں جس سے تقریب نہ صرف تفریحی بلکہ تعلیمی لحاظ سے بھی انتہائی مفید ثابت ہوئی۔کالج انتظامیہ نے کہا کہ ان سرگرمیوں کا مقصد طلبہ میں تحقیق، خود اعتمادی، ٹیم ورک، قائدانہ صلاحیتوں اور عملی سیکھنے کے رجحان کو فروغ دینا ہے ۔مینگو فیسٹیول میں طلبہ اور مہمانوں کی بھرپور شرکت نے تقریب کو یادگار بنا دیا اور شرکاء نے ایسے تعلیمی و تخلیقی پروگراموں کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments