ماچھیوال ریلوے سٹیشن کے اطراف سرعام منشیات فروشی
آئس فروخت کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے ، شہریوں کا احتجاج
ماچھیوال (نامہ نگار) شہریوں نے ماچھیوال ریلوے اسٹیشن اور ریلوے کوارٹروں کے اطراف مبینہ طور پر منشیات کی سرعام فروخت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ شہریوں کے مطابق ریلوے اسٹیشن کے سامنے اور اردگرد مبینہ طور پر آئس کی فروخت جاری ہے ، جس کے باعث کم عمر لڑکوں، طلبہ اور نوجوانوں سمیت دیگر افراد کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔ شہریوں کا الزام ہے کہ بعض منشیات فروش فقیروں اور ملنگوں کا روپ دھار کر آئس کی چھوٹی چھوٹی پڑیاں تیار کرکے مختلف مقامات پر فروخت کرتے ہیں۔ مبینہ طور پر چائے کے ہوٹلوں اور بلیئرڈ کلبوں کے اطراف بھی منشیات کی خرید و فروخت ہوتی ہے ۔ شہریوں کے مطابق منشیات کے عادی بعض افراد نشہ پورا کرنے کے لیے رات کے وقت دکانوں کے باہر رکھا سامان اٹھا کر فروخت کردیتے ہیں، جس سے چوری کی وارداتوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال سے نوجوان نسل کے مستقبل پر منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے ۔ شہریوں نے ڈی پی او وہاڑی سے مطالبہ کیا ہے کہ ماچھیوال ریلوے اسٹیشن اور اس کے اطراف منشیات فروشی کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے ، ذمہ دار عناصر کا سراغ لگا کر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے اور نوجوانوں کو منشیات کے نقصانات سے بچانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments