سولر ٹیوب ویل پر پندرہ لاکھ جرمانہ، شہری عدالت جا پہنچا
شہری نے میپکو اہلکاروں پر مبینہ رشوت طلبی اور بھاری جرمانے پر اعتراض کیا
گگو منڈی (نامہ نگار)نواحی گاؤں 363ای بی کے رہائشی محمد منصب نے میپکو کے بعض اہلکاروں پر مبینہ زیادتی اور رشوت طلبی کے الزامات عائد کرتے ہوئے عدالت سے رجوع کرلیا۔ محمد منصب کے مطابق چند روز قبل اس کے ٹیوب ویل کا بجلی کا میٹر جل گیا، جس پر اس نے متعلقہ لائن مین سے رابطہ کیا۔ شہری کا الزام ہے کہ ایک لاکھ روپے مبینہ رشوت کے عوض نیا میٹر فراہم کیا گیا، جبکہ بعدازاں مزید رقم کا مطالبہ کیا جاتا رہا۔ محمد منصب کے مطابق 10 ہزار روپے کا آخری مطالبہ پورا نہ کرنے پر چند روز بعد اس کے ٹیوب ویل کی تاریں مبینہ طور پر ڈائریکٹ لگا کر ویڈیو بنائی گئی اور بجلی چوری کا مقدمہ درج کرکے تقریباً 15 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔ شہری کا کہنا ہے کہ اس کا ٹیوب ویل بنیادی طور پر 45 سولر پلیٹوں پر مشتمل سولر سسٹم سے چلتا ہے اور بجلی کا استعمال صرف ضرورت کے وقت کیا جاتا ہے ۔ اس نے مؤقف اختیار کیا کہ حقائق کی مکمل جانچ کے بغیر بجلی چوری کا الزام عائد کرکے بھاری جرمانہ کیا گیا۔ محمد منصب نے مبینہ زیادتی کے خلاف عدالت میں رٹ پٹیشن اور دعویٰ دائر کردیا۔ اس کے علاوہ قائم مقام چیف ایگزیکٹو و جنرل منیجر ٹیکنیکل میپکو ملک اشفاق احمد اعوان کو بھی درخواست دی، جس پر شعبہ ایم اینڈ ایس سے ٹیوب ویل پر نصب سولر سسٹم اور دیگر متعلقہ معلومات کی رپورٹ طلب کرلی گئی ہے ۔ شہری نے اعلیٰ حکام سے غیر جانب دارانہ انکوائری اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments