ٹبی سہراب میں سیوریج نظام تباہ، گندا پانی گلیوں میں جمع

ٹبی سہراب میں سیوریج نظام تباہ، گندا پانی گلیوں میں جمع

چھ سال سے درپیش مسئلہ حل نہ ہوسکا، سکول جانے والے بچوں کو مشکلات

جلال پور پیروالا (نامہ نگار) نواحی بستی ٹبی سہراب میں سیوریج کا نظام گزشتہ 6 سال سے بدحالی کا شکار ہے ، جس کے باعث گٹروں کا گندا پانی گلیوں اور محلوں میں جمع رہتا ہے ۔ علاقہ مکینوں کے مطابق بستی کی مرکزی گلیاں بھی سیوریج کے پانی سے متاثر ہیں، جبکہ قریبی سرکاری گرلز اور بوائز سکولوں میں آنے والے بچوں، نمازیوں اور راہگیروں کو گزرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ گندے پانی کے باعث نہ صرف آمدورفت متاثر ہے بلکہ تعفن اور آلودگی سے بھی شہری پریشان ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سیوریج کی ابتر صورتحال کے بارے میں متعدد بار متعلقہ انتظامیہ کو درخواستیں دی گئیں، تاہم مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل نہیں کیا جاسکا۔ بارش یا سیوریج لائنوں کے بند ہونے کی صورت میں گندا پانی مزید پھیل جاتا ہے اور گلیوں میں آمدورفت مشکل ہوجاتی ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سکول جانے والے بچوں کو روزانہ گندے پانی سے گزرنا پڑتا ہے ، جس سے انہیں مشکلات کا سامنا رہتا ہے ۔ اہل علاقہ نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹبی سہراب میں سیوریج لائنوں کی فوری صفائی کرائی جائے ، نکاسی آب کا مستقل انتظام کیا جائے اور خراب نظام کو بہتر بنا کر شہریوں کو درپیش مشکلات سے نجات دلائی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...