محمدی پارک کی تزئین وآرائش جلد مکمل کرنے کا ہدف، انتظامیہ متحرک

محمدی پارک کی تزئین وآرائش جلد مکمل کرنے کا ہدف، انتظامیہ متحرک

کمشنر کا ویمن یونیورسٹی کا دورہ، میڈیکل انٹری ٹیسٹ کے انتظامات کاجائزہ

ملتا ن(خصوصی رپورٹر،وقائع نگار خصوصی ) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے محمدی گراؤنڈ کا دورہ کیا اور پارک میں جاری بحالی و تزئین و آرائش کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے بنچز، واکنگ ٹریک، گرین بیلٹس، چار دیواری، گرلز اور دیگر تنصیبات کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو کاموں کا معیار بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔کمشنر عامر کریم  خاں نے بنچز اور دیگر تنصیبات کے معیار اور ان کی درست تنصیب پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ معمولی نقائص کی بھی فوری اصلاح کی جائے اور تمام تعمیراتی و تزئین و آرائش کے کام پائیدار معیار کے مطابق مکمل کئے جائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ واکنگ ٹریک کے اطراف مناسب گرینری اور گھاس لگائی جائے ، جبکہ بنچز کی تنصیب سایہ دار مقامات پر کی جائے تاکہ پارک میں آنے والے شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آسکیں۔ بچوں کی حفاظت کے لئے کھیلنے اور گرنے والی جگہوں پر مناسب حفاظتی انتظامات کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔کمشنر عامر کریم خاں نے پارک کی چار دیواری کو خوبصورت بنانے کے لئے جدید آرائشی ڈیزائن، روشنیوں اور دیگر تخلیقی آئیڈیاز پر کام کرنے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے میڈیکل انٹری ٹیسٹ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ویمن یونیورسٹی ملتان کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر شاہد جوئیہ اور دیگر متعلقہ افسر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔کمشنر عامر کریم خاں نے میڈیکل انٹری ٹیسٹ کے انعقاد کے لئے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ و طالبات کو امتحانی مراکز پر بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام میڈیکل انٹری ٹیسٹ 20 ستمبر 2026 کو منعقد ہوگا، جس میں 6 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات شرکت کریں گے ۔انہوں نے بتایا کہ طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد کے پیش نظرملتان کی پانچ یونیورسٹیوں میں امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں، جن میں ویمن یونیورسٹی ملتان، ملتان یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، یونیورسٹی آف سدرن پنجاب، ٹائمز یونیورسٹی اور نواز شریف یونیورسٹی آف ایگریکلچر شامل ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...