خصوصی پولیو مہم،7لاکھ77ہزار بچے ہدف
ملتان میں مہم 21تا 24ستمبر جاری رہے گی، 4ہزار 399ٹیمیں فرائض سرانجام دینگی،833ایریا انچارج تعینات 135یونین کونسل میڈیکل آفیسرز بھی تعینات، فیول ریلیف مہم کے تحت شہریوں کو پٹرول کی فراہمی کا آغاز کردیا
ملتا ن(وقائع نگار خصوصی)ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا ہے کہ ضلع ملتان میں 21 تا 24 ستمبر 2026 تک 03 روزہ خصوصی پولیو مہم جاری رہے گی۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے پولیو مہم کا جائزہ لینے کے لئے محکمہ صحت اور ضلعی محکموں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ مہم کو کامیاب بنانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور پانچ سال تک عمر کے ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کو یقینی بنایا جائے ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع ملتان کی کل آبادی 54 لاکھ 16 ہزار 460 ہے جبکہ پانچ سال سے کم عمر بچوں کی تعداد 7 لاکھ 77 ہزار 710 ہے ۔ مہم کے دوران مجموعی طور پر 4 ہزار 399 ٹیمیں فرائض سرانجام دیں گی جن میں 4 ہزار 21 موبائل ٹیمیں، 230 فکسڈ ٹیمیں اور 148 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں، جبکہ 833 ایریا انچارج اور 135 یونین کونسل میڈیکل آفیسرز بھی مہم کی نگرانی کریں گے ۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے ہدایت کی کہ محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ، پولیس، میونسپل اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسر پولیو ٹیموں کی مکمل نگرانی کریں، حساس علاقوں میں سکیورٹی کے موثر انتظامات کئے جائیں ۔دوسری جانب شہریوں کو پٹرول کی قیمتوں میں ریلیف فراہم کرنے کیلئے حکومت کی فیول سبسڈی ریلیف سکیم پر ضلع ملتان میں عملدرآمد شروع کردیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر صدارت پٹرول پمپ مالکان اور ضلعی انتظامیہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ زہرہ نور نے فیول سبسڈی ریلیف سکیم کے طریقہ کار اور عملدرآمد بارے بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے پٹرول پمپ مالکان کو سکیم پر فوری اور موثر اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع ملتان کے 299 پٹرول پمپس پر رجسٹرڈ شہریوں کو پٹرول کی خریداری پر 100 روپے فی لیٹر تک ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments