اپنا کھیت اپنا روزگار پروگرام، کامیاب الاٹیز میں گرانٹس تقسیم
مالی معاونت سے مستحق افراد زمینیں آباد کرکے فصلوں کی کاشت کرسکیں گے :رانا سلیم
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار ) محکمہ زراعت توسیع خانیوال اور ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے پروگرام ‘‘اپنا کھیت اپنا روزگار’’ کے تحت کامیاب الاٹیز کو زمین آباد کرنے اور فصلیں کاشت کرنے کے لیے پے آرڈرز کے ذریعے گرانٹس دینے کی تقریب منعقد ہوئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی رانا محمد سلیم نے کہا کہ پروگرام کا مقصد وسائل سے محروم، مستحق اور بے روزگار افراد کو معاشی مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ محنت کے ذریعے اپنے خاندان کا مستقبل بہتر بنا سکیں۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر منظور احمد گل نے کہا کہ زمینوں کی الاٹمنٹ کے بعد مالی معاونت کی فراہمی سے مستحق افراد کو آبادکاری اور کاشت میں سہولت ملے گی۔ انہوں نے الاٹیز پر زور دیا کہ وہ گندم اور پھلدار پودے لگا کر اس منصوبے کو کامیاب بنائیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو فضل عباس نے پروگرام پر عملدرآمد میں محکمہ ریونیو اور زراعت کے افسران کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے الاٹیز کو مبارکباد دی اور زرعی سفارشات پر عمل کرنے کی ہدایت کی۔تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت مہر محمد اقبال، سینئر زراعت آفیسر اللہ رکھا سندھو، زراعت آفیسر محمد نبیل عباس اور کامیاب الاٹیز نے شرکت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments