سانجھی سبزی منصوبہ پر کام تیز کرنے کا حکم
لینڈ ایکوزیشن، ہارٹیکلچر، سٹریٹ لائٹس ،ڈرینج سے متعلق کمشنر کی زیرصدارت اجلاس
ملتان( وقائع نگار خصوصی) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کا ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ کے ہمراہ چک نمبر 83 ڈبلیو بی کا وزٹ کیا کمشنر ملتان نے شجرکاری مہم اور سانجھی سبزی پروگرام کے تحت سبزیوں کی کاشت کا جائزہ لیا اور کہا کہ سانجھی سبزی پروگرام اور شجرکاری پر خصوصی توجہ مرکوز ہے نمبرداری گرانٹ رقبہ اور لیز الاٹیز کے ساتھ ساتھ دیگر مقامی لوگوں کو شجرکاری میں شامل کیا جائے ۔کمشنر ملتان نے مزید کہا کہ شجرکاری مہم کے تحت فی ایکڑ5پودے لگائے جائیں پودوں کی دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دی جائے پودوں کے ریکارڈ کا روزنامہ میں اندراج کیا جائے اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر انعم اکرم اور دیگر افسر موجود تھے۔
دوسری جانب عامر کریم خاں نے بی سی جی چوک تا ڈبل پھاٹک وہاڑی روڈ ڈوئلائزیشن منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں منصوبے کے تخمینہ جات، لینڈ ایکوزیشن، ٹریفک انجینئرنگ، ہارٹیکلچر، سٹریٹ لائٹس، ڈرینج اور مختلف چوکوں کی بہتری کے مجوزہ اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں محکمہ مواصلات و تعمیرات کے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کے تخمینہ جات تیار کر لئے گئے ہیں اور منظوری کے لئے مجاز فورم کو بھجوا دیئے گئے ہیں۔ منظوری ملتے ہی منصوبے کا پروکیورمنٹ اور ٹینڈرنگ کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔
کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ منصوبے کی ڈیزائننگ میں سڑک کی کشادگی، ٹریفک کے بہاؤ اور شہریوں کی آمدورفت کو بنیادی اہمیت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ چوک شہباز سمیت تمام اہم چوکوں کو ٹریفک کی ضروریات کے مطابق کشادہ اور بہتر ڈیزائن کیا جائے جبکہ کراس روڈز اور اطراف سے آنے والی ٹریفک کے لئے مناسب سلپ روڈز اور محفوظ موڑوں کی گنجائش رکھی جائے تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔انہوں نے منصوبے میں ہارٹیکلچر اور بیوٹیفکیشن کے جامع اقدامات شامل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سینٹرل میڈین اور گرین بیلٹس میں مناسب شجرکاری کی جائے ، جدید سٹریٹ لائٹس نصب کی جائیں اور سڑک کے دونوں اطراف موثر ڈرینج سسٹم بنایا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments