وہاڑی میں گندم کاشت کا ہدف 4لاکھ65ہزار ایکڑ مقرر

وہاڑی میں گندم کاشت کا ہدف 4لاکھ65ہزار ایکڑ مقرر

معیاری بیج اورکھاد کی قلت ،بروقت کاشت متاثر ، پیداوار میں کمی کا خدشہ

وہاڑی، میلسی (خبرنگار، نمائندہ خصوصی، نمائندہ دنیا) پنجاب حکومت نے ربیع سیزن 2026-27ء کے لیے ضلع وہاڑی میں گندم کی کاشت کا ہدف 4 لاکھ 65 ہزار ایکڑ مقرر کر دیا، تاہم معیاری بیج اور مطلوبہ مقدار میں کھاد کی عدم دستیابی کے باعث کاشتکار مشکلات کا شکار ہیں، جس سے بروقت کاشت اور فی ایکڑ پیداوار متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔محکمہ زراعت کے اعداد و شمار کے مطابق تحصیل میلسی میں ایک لاکھ 59 ہزار، وہاڑی میں ایک لاکھ 56 ہزار جبکہ بورے والا میں ایک لاکھ 50 ہزار ایکڑ رقبے پر گندم کاشت کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ ملتان ڈویژن میں بھی گندم کی کاشت کا ہدف گزشتہ سال کے 17 لاکھ 60 ہزار ایکڑ سے بڑھا کر 17 لاکھ 76 ہزار ایکڑ کر دیا گیا ہے ۔زرعی ماہرین کے مطابق گندم کی کاشت کا پہلا مرحلہ یکم سے 20 نومبر اور دوسرا مرحلہ 20 نومبر سے 10 دسمبر تک ہے ۔ بہتر پیداوار کے لیے بروقت کاشت کے ساتھ فی ایکڑ ڈیڑھ بوری ڈی اے پی اور ایک بوری یوریا کھاد درکار ہوتی ہے ۔ اس حساب سے ضلع وہاڑی کے مقررہ ہدف کے لیے ابتدائی مرحلے میں 23 ہزار 250 میٹرک ٹن یوریا اور 34 ہزار 875 میٹرک ٹن ڈی اے پی کی ضرورت ہے ۔

دوسری جانب کاشتکاروں نے بیج اور کھاد کی مبینہ ذخیرہ اندوزی، مہنگے داموں فروخت اور ناقص نگرانی پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ ترقی پسند کاشتکار اکبر علی، محمد حسین، محمد شمس اور مجید حسن کے مطابق کھاد اور معیاری بیج کی عدم دستیابی سے بالخصوص چھوٹے کاشتکار متاثر ہو رہے ہیں اور بعض کاشتکار گھریلو استعمال کے لیے رکھی گئی گندم بطور بیج استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔زرعی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ بروقت بیج اور کھاد نہ ملنے سے فصل کی ابتدائی نشوونما اور پیداوار متاثر ہو سکتی ہے ۔ کاشتکاروں نے حکومت سے بیج و کھاد کی فراہمی یقینی بنانے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...