شجاع آباد، اعلان کردہ 14 گرین بسیں تاحال نہ چل سکیں
سکندرآباد (نامہ نگار)تحصیل شجاع آباد کی سات لاکھ سے زائد آبادی اور سینکڑوں دیہات کے مکینوں کو تاحال سفری سہولیات فراہم نہیں کی جا سکیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دورہ ملتان کے موقع پر شجاع آباد کے لیے اعلان کردہ 14 گرین بسیں بھی سڑکوں پر نہ آسکیں، جس سے شہریوں میں مایوسی پائی جاتی ہے ۔تفصیلات کے مطابق شجاع آباد اور گردونواح کے دیہات سے روزانہ ہزاروں طلبہ، ملازمین، مزدور اور مریض مختلف کاموں کے سلسلے میں ملتان آتے جاتے ہیں۔، تاہم سرکاری ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی کے باعث انہیں نجی ہائی ایس ویگنوں پر انحصار کرنا پڑتا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ویگنوں میں گنجائش سے زیادہ مسافر سوار کیے جاتے ہیں اور ڈرائیوروں و کنڈیکٹروں کا رویہ بھی نامناسب ہوتا ہے ۔مسافروں کے مطابق ٹرانسپورٹرز سرکاری کرایہ نامے کے برعکس دن اور رات کے الگ الگ من مانے کرائے وصول کرتے ہیں، جبکہ شام کے وقت کرایوں میں مزید اضافہ کر دیا جاتا ہے ۔ شہریوں نے پٹرولنگ پولیس اور ٹریفک وارڈنز کی جانب سے اوورلوڈنگ اور زائد کرایوں کی روک تھام نہ ہونے پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے ۔اہل علاقہ، طلبہ اور سماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، کمشنر ملتان اور سیکرٹری آر ٹی اے سے مطالبہ کیا ہے کہ اعلان کردہ 14 گرین بسیں فوری چلائی جائیں اور زائد کرایے وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی کی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments