فیکٹری مالکان کو کینو کے کاشتکاروں کیساتھ تعاون کرنے کی ہدایت جاری
بوجھ کسان پر ڈالنے کے بجائے سب کو ذمہ داری نبھانا ہوگی،ڈپٹی کمشنر،3روز تک منصفانہ فارمولا مرتب کرنے کا حکم
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم کی زیر صدارت کینو کے کاشتکاروں کو درپیش مسائل اور موجودہ سیزن کی صورتحال کے جائزے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کینوگروور ایسوسی ایشن، ایکسپورٹرز، فیکٹری مالکان اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر زراعت شاہد حسین، چیف سائنٹسٹ سٹرس ریسرچ انسٹیٹیوٹ، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت، ای ڈی اے اے ، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی ، اسسٹنٹ کمشنر بھلوال مدثرممتاز و کوٹ مومن اختر ملک، کینوگروور ایسوسی ایشن اور کینو ایکسپورٹرز شریک تھے۔
ڈائریکٹر زراعت نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں سال موسمی تبدیلی کینو کی فصل کے لیے معاون ثابت ہوئی جس کے باعث پیداوار بہتر رہی، تاہم بارڈر بند ہونے کی وجہ سے کسانوں کو مارکیٹنگ کے مسائل کا سامنا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال تقریباً 6 لاکھ 90 ہزار میٹرک ٹن کینو برآمد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کینو کے کاشتکاروں کو کسی بھی صورت نقصان نہیں ہونے دیا جائے گا اور حکومت پنجاب کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ سارا بوجھ کسان پر ڈالنے کے بجائے تمام سٹیک ہولڈرز کو مل کر ذمہ داری نبھانا ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر نے فیکٹری مالکان کو کسانوں کے ساتھ تعاون کی ہدایت کی ،فیکٹری مالکان کے مؤقف پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ فریقین دو سے تین روز کے اندر تفصیلی ڈیٹا کے ساتھ ایک منصفانہ فارمولہ مرتب کر کے پیش کریں۔