افطاری سے پہلے چوراہوں پر ٹریفک جام، شہر یوں کو مشکلات
افطاری سے پہلے چوراہوں پر ٹریفک جام، شہر یوں کو مشکلات لڑائی جھگڑوں کے واقعات میں بھی اضافہ ، ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)افطاری سے ایک سے ڈیڑھ گھنٹہ قبل سرگودھا کے مختلف چوراہوں پر ٹریفک کا جام معمول بن گیا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس کا عملہ رکشہ اسٹینڈز ختم کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہا ہے اور انتظامیہ کی بار بار ہدایات کے باوجود رمضان المبارک میں ٹریفک رواں رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات سامنے نہیں آئے ۔چوک 12، اردو بازار، گول چوک، بلاک 9 و 16، کلمہ چوک، سیٹلائٹ ٹاؤن چوک، سول ہسپتال چوک، نوری گیٹ، گرلز کالج چوک سمیت دیگر اہم چوراہوں پر افطاری کے وقت تک ٹریفک کا گھمسان رہتا ہے ، جس کے نتیجے میں لڑائی جھگڑوں کے واقعات میں بھی اضافہ ہو گیا ہے ۔شہریوں نے کہا کہ رمضان کے کانٹِجنسی پلان پر ناقص عملدرآمد کی وجہ سے مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر مناسب حکمت عملی اختیار کی جائے تاکہ شہری سہولت اور ٹریفک کی روانی یقینی بنائی جا سکے ۔