گندم خریداری گواموں کی مرمت کا حکم
کھلے سینٹرز پر حفاظتی اقدامات کا ازسرنو جائزہ لینے کی ہدایت ،گندم کو موسمی اثرات اور دیگر خطرات سے محفوظ بنانے کیلئے مؤثر انتظامات کیے جائیں:ڈی جی فوڈ
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) محکمہ خوراک نے گندم خریداری کے آئندہ سیزن سے قبل گوداموں کی تعمیر و مرمت کے فوری احکامات جاری کر دیے ہیں۔ اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل فوڈ کی جانب سے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ تمام گوداموں کی موجودہ حالت کا جائزہ لے کر انہیں فوری طور پر بہتر بنایا جائے اور ضروری تعمیر و مرمت کا کام مکمل کیا جائے تاکہ گندم ذخیرہ کرنے کے دوران کسی قسم کے نقصان سے بچا جا سکے ۔ڈی جی فوڈ نے مزید ہدایت کی ہے کہ کھلے گودام سینٹرز پر حفاظتی اقدامات کا ازسرنو جائزہ لیا جائے اور وہاں ذخیرہ کی جانے والی گندم کو موسمی اثرات اور دیگر خطرات سے محفوظ بنانے کے لیے مؤثر انتظامات کیے جائیں۔ متعلقہ افسروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایک ماہ کے اندر تمام اقدامات مکمل کر کے تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے تاکہ گندم خریداری مہم کو بہتر اور مؤثر انداز میں یقینی بنایا جا سکے ۔