کمشنر کی زیر صدارت اجلاس، علما، تاجروں کی شر کت

کمشنر کی زیر صدارت اجلاس، علما، تاجروں کی شر کت

کمشنر کی زیر صدارت اجلاس، علما، تاجروں کی شر کت مساجد اور بازاروں میں رش بڑھ گیا ، ہر شہری سے ذمہ داری کا مظاہرہ کر نے کی اپیل

سرگودھا (سٹاف رپورٹر)سرگودھا میں موجودہ علاقائی اور عالمی حالات کے پیش نظر کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف مکاتب فکر کے جید علما کرام، ڈویژنل امن کمیٹی کے اراکین، تاجر نمائندگان اور انتظامی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد چوہدری، اے ڈی سی جی اور پولیس افسربھی موجود تھے ۔کمشنر حافظ شوکت علی نے اجلاس میں کہا کہ موجودہ حالات میں سب سے اہم چیز اتحاد اور باہمی ہم آہنگی ہے ۔ رمضان کے باعث مساجد اور بازاروں میں رش بڑھ گیا ہے ، لہٰذا ہر شہری کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا فرد پر فوری نظر رکھ کر انتظامیہ کو اطلاع دی جائے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے ۔

انہوں نے علما کرام پر زور دیا کہ اپنے خطبات اور بیانات میں اتحاد، صبر اور بھائی چارے کا پیغام عام کریں تاکہ دشمن عناصر کی طرف سے فرقہ واریت یا افواہوں کے ذریعے انتشار پھیلانے کی کوشش ناکام بنائی جا سکے ۔اجلاس میں تاجروں کو ہدایت دی گئی کہ بازاروں میں سکیورٹی انتظامات بہتر بنائیں، دکانوں اور مارکیٹوں میں کیمرے نصب کیے جائیں اور انہیں فعال رکھا جائے ۔ کمشنر نے کہا کہ سیف سٹی کیمروں کے ساتھ نجی سطح پر بھی نگرانی کا نظام مضبوط بنایا جائے تاکہ کسی بھی مشکوک حرکت پر فوری کارروائی ممکن ہو۔ پولیس حکام نے یقین دہانی کرائی کہ شہر بھر میں گشت اور نگرانی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے ، اور مساجد، امام بارگاہوں اور اہم مقامات پر سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے ۔اجلاس میں یہ عزم بھی کیا گیا کہ سرگودھا ڈویژن میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے تمام مکاتب فکر کے علما، تاجر اور انتظامیہ ایک صفحے پر ہیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے فوری رابطہ کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں