رمضان میں گرانفروشی جاری امن وامان بہتر
عوامی ریلیف کی حالت انتہائی مخدوش رہی ،حکومت اور سول ایڈمنسٹریشن کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ،حکومت کی توجہ زیادہ تر رمضان نگہبان بازاروں پر مرکوز
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)ضلع سرگودھا میں رمضان المبارک کے پہلے عشرے کے دوران امن و امان کی صورتحال مجموعی طور پر اطمینان بخش رہی، تاہم عوامی ریلیف کی حالت انتہائی مخدوش رہی جس نے حکومت اور سول ایڈمنسٹریشن کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگا دیا۔ذرائع کے مطابق ضلع بھر میں پولیس کی کارروائیاں تسلی بخش ثابت ہوئیں اور امن قائم رہا، لیکن حکومت کی توجہ زیادہ تر رمضان نگہبان بازاروں پر مرکوز رہی، جس کے باعث عوام کو کھلی مارکیٹوں میں ریلیف میسر نہ ہو سکا۔ گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی نے عام شہریوں کی زندگی مزید مشکل بنا دی۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ضلع سمیں تعینات 80 سے زائد پرائس کنٹرول مجسٹریٹس میں سے صرف 9 افسران نے مختصر کارروائی کی، جبکہ چینی، گھی، دالیں، بیسن اور پھلوں سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں پر قابو نہ پایا جا سکا۔ اسٹاک میں موجود گرانفروش اور ذخیرہ اندوز عناصر کیخلاف کوئی مؤثر عمل درآمد نہ ہو سکا، اور ویجی لینس ٹیموں کی جانب سے جمع کرائے گئے کوائف صرف ریکارڈ کے لیے استعمال ہوئے ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے باعث غریب اور متوسط طبقے کی پہنچ سے ضروری اشیاء مکمل طور پر دور رہیں اور بازار میں چھوٹے دوکاندار اور انتظامیہ کے درمیان چوہے بلی کا کھیل جاری رہا۔ عوامی حلقوں نے حکومتی افسران سے مؤثر نگرانی اور قیمتوں میں کنٹرول کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔