پانی کا ضیاع روکنا سب کی مشترکہ ذمہ داری : ایم ڈی واسا

 پانی کا ضیاع روکنا سب کی مشترکہ ذمہ داری : ایم ڈی واسا

نعمت کی قدر نہ کی تو آنے والی نسلوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے کہا ہے کہ پانی قدرت کا انمول خزانہ ہے اور اس کا ہر قطرہ قیمتی ہے ، لہٰذا اس کے ضیاع کی روک تھام ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر آج ہم نے اس نعمت کی قدر نہ کی تو آنے والی نسلوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔پانی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم پانی کے تحفظ کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں اور اس کے استعمال میں احتیاط کریں۔انہوں نے بتایا کہ عید تعطیلات کے دوران واٹر سپلائی شیڈول کے مطابق جاری ہے۔

 اور صبح و شام کے اوقات میں تین، تین گھنٹے پانی فراہم کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ شیڈول کے بغیر موٹریں چلا کر پانی حاصل کرنے سے گریز کریں کیونکہ اس سے پانی میں آلودگی شامل ہونے کا خدشہ ہوتا ہے ۔ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ لیکیج پوائنٹس کی بروقت مرمت اور واٹر سپلائی نظام کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ پانی کے ضیاع کو کم سے کم کیا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں