شیر شاہ سوری روڈ کے دریا برد ہونے کے خطرات منڈلانے لگے
کندیاں (نمائندہ دنیا) پپلاں دریائے سندھ میں جاری کٹاؤ نے شدت اختیار کر لی،شیر شاہ سوری روڈ کے دریا برد ہونے کے خطرات سروں پر منڈلانے لگے ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تحصیل پپلاں کے نواحی علاقہ ڈھنگانہ اور گردونواح میں دریا کا رخ سڑک کی جانب بڑھنے لگا ہے جس سے نہ صرف زرعی اراضی متاثر ہو رہی ہے بلکہ آمد و رفت کے اس اہم راستے کو بھی شدید خطرہ لاحق ہو چکا ہے ۔مقامی افراد نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر بروقت حفاظتی اقدامات نہ کیے گئے تو سڑک کا بڑا حصہ دریا برد ہو سکتا ہے جس سے ٹریفک نظام شدید متاثر ہوگا اور قریبی آبادیوں کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے ۔علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ آبپاشی سے اس امر کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر پشتوں کی مضبوطی اور حفاظتی بند تعمیر کیے جائیں تاکہ ممکنہ بڑے نقصان سے بچا جا سکے ۔